کاروار18؍جولائی (ایس او نیوز) شمالی کینراکے بھٹکل سمیت ساحلی علاقے میں مانسون کی زبردست بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ جبکہ سرسی ، سدا پور ، جوئیڈا، یلاپور وغیرہ میں بھی زوردار بارش ہونے اور واردا ندی میں پانی کی سطح بہت ہی زیادہ ہوجانے کی رپورٹس مل رہی ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ سرسی تعلقہ کے دوڈنلّی علاقے میں دس سے زیادہ کسانوں کی کھیتیاں برساتی پانی کی وجہ سے تالابوں میں بدل کر رہ گئی ہیں۔اسی گاؤں میں گنے کی کاشت کاری بھی ہوتی ہے ان کھیتوں میں بھی پانی بہت زیادہ جمع ہونے سے گنے کی فصل بھی خراب ہونے کی نوبت آگئی ہے۔
اُدھر جوئیڈا میں ہوئی زبردست بارش کے نتیجے میں پنڈاری ندی میں سیلاب آگیا ہے اور پانی پل کے اوپر سے بہہ رہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ چاندی واڈی دیہات کے قریب واقع اس بریج کے اوپر سے پانی بہنے کے نتیجے میں سواریوں کو اس بریج پر سے گذارنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ پڑوسی ضلع شیموگہ اور ساگر میں بھاری برسات کی وجہ سے بنواسی کی واردا ندی میں پانی کی سطح بہت بڑھ گئی ہے اور اس سے یہاں کی زرعی زمینوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی ہے۔ جس کے نتیجے میں چاول کھیت، سپاری، انناس وغیرہ کی فصلیں متاثر ہوئی ہیں۔ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ اسی رفتار سے برسات ہوتی رہی تو آس پاس کے ندیوں اور تالابوں میں سیلاب آئے گا اور ہر طرف پانی پانی بھر جائے گا۔ہوسری گرام پنچایت صدر سدھیر ہوُسری نے مطالبہ کیا ہے کہ اس علاقے میں جن کسانوں کے کھیتوں میں پانی بھر کرفصلیں خراب ہوگئی ہیں وہ انتہائی غریب افراد ہیں اور اسی کھیتی باڑی سے ان کی زندگی بسر ہوتی ہے۔ اس لئے متعلقہ افسران یہاں کا جائزہ لے کر متاثرہ کسانوں کو مناسب معاوضہ فراہم کروائیں۔
سداپور تعلقہ میں تیز ہواؤں اور برساتوں کی وجہ سے کئی مقامات پر نقصان ہونے کی رپورٹ ملی ہے۔تحصیلدار دفتر کے ذرائع کے مطابق آنیسال گرام میں گھر پر ناریل کا درخت گرنے سے 50ہزار روپیوں کا نقصان ہوا ہے۔جبکہ کانگوڈ گرام میں رہائشی مکان کی دیوار گر جانے سے 25ہزار روپیوں کا نقصان ہوا ہے۔اس کے علاوہ بیدرا کان میں گھر پر ناریل کا درخت گرنے سے 25ہزار روپیوں کا نقصان ہونے کی خبر ہے۔اسی طرح ہاڈلکٹا میں بھی مکان کی دیوار گرنے اور منڈلی کوپا کے رنگ مندر پر درخت گرنے سے پانچ پانچ ہزار روپیوں کا نقصان اور شیولمنے گرام میں گھر پر سپاری کا درخت گرنے سے تین ہزار روپیوں کا نقصان ہوا ہے۔
بھٹکل کے موٹلّی گرام پنچایت علاقے میں بھاری بارش اورہواؤں کے دوران نارائن بیلی اپا نائک کے مکان پر درخت گرنے سے گھر کی چھت کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے۔ ریوینیو افسران نے موقع پر پہنچ کا جائزہ لیا ہے اورمذکورہ مکان کو پہنچنے والے نقصان کا اندازہ 20ہزار روپے لگایا ہے۔